نئی دہلی،2؍مارچ(ایس او نیوز؍ایجنسی) کسانوں کے مسئلہ پر ایک مرتبہ پھر کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے مودی حکومت پر حملہ بولا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کر کے کہا کہ ’’جو ملک کو غلّہ دے رہا ہے، وہ کسان اپنا حق لے کر رہے گا۔ زراعت مخالف، ملک مخالف قانون واپس لو۔‘‘
اس سے قبل زرعی قوانین کے خلاف 18 فروری کو راہل گاندھی نے ٹوئٹ کر کے کہا تھا کہ سیدھی بات ہے، تینوں زرعی مخالف قوانین منسوخ کریں! وقت خراب کر کے مودی حکومت ان داتا کو توڑنا چاہتی ہے لیکن ایسا نہیں ہوا۔ حکومت کی ہر ناانصافی کے خلاف، اب کی بار کسان اور ملک ہے تیار۔‘‘
غور طلب ہے کہ کسان مہا پنچایتوں کے پلیٹ فارم سے کسان لیڈر راکیش ٹکیت ملک بھر کے کسانوں کو ایک دھارے میں لانے کا پیغام دے رہے ہیں۔ راکیش ٹکیت حکومت کو کئی مرتبہ تنبیہ کر چکے ہیں کہ حکومت جب تک قانون واپسی نہیں لے گی کسانوں کی دہلی کی سرحدوں سے گھر واپسی نہیں ہوگی۔